ریاض : سعودی عرب میں حرمین شریفین کے نگراں ادارے اور وزارتِ خارجہ نے متعلقہ محکموں کو قطر سمیت دنیا بھر سے آنے والے معتمرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی سختی سے تاکید کی ہے۔نگران ادارے کی طرف سے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی گئی ہےجن میں کہا گیا تھا کہ سعودی حکومت نے مبینہ طور پر قطری زائرین کی مسجد حرام میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے حرمین شریفین کے امور کے نگراں ادارے نے صاف الفاظ میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ قطر سمیت کسی بھی ملک سے آنے والے معتمرین کو عمرہ کے مناسک کی ادائی کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ قطری باشندوں کے مسجد حرام میں داخلے پر پابندی کی افواہیں قطعا بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قطری بھائیوں کی سعودی قوم میں گہری قدر ومنزلت ہے۔ نو رمضان المبارک کے بعد اب تک قطرکے 1633 شہری عمرہ کے مناسک ادا کرنے کے بعد بہ خیریت واپس ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پرآنے والی افواہوں میں بتایا گیا تھا کہ قطر کے ساتھ سفارتی بحران کے بعد سعودی حکومت نے قطری شہریوں کے عمرہ کی ادائیگی پر پابندی عاید کردی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے قطری شہری اطمینان کے ساتھ عمرہ کے مناسک ادا کرریں۔ دیگر عازمین عمرہ کی طرح انہیں بھی تمام ممکنہ سہولیات اور سروسز فراہم کی جائیں گی.
واضح رہے قطری شہریوں کے مبینہ طور پر مسجد الحرام میں داخل ہونے سے روکے جانے کی خبر بی بی سی مانٹرنگ کے مطابق دوحہ کے اخبار"الشرق " میں شائع ہوئی تھی ۔جبکہ دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ 'قطر کے لوگ شاہ سلمان کے دل میں رہتے ہیں۔'
وزارت خارجہ نے اپنے ٹویٹ لکھا:’ قطر کے لوگ سعودی عرب کے اپنے بھائیوں کی توسیع ہیں۔ شاہ سلمان قطر اور سعودی خاندانوں کے انسانی حقوق کے مسائل کو مشترکہ خاندان کے مسئلے کے طور پر سنتے ہیں۔‘سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایسی شکایات کے ازالے کے لیے ہاٹ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔