اسلام آباد :ترجمان استحکام پاکستان پارٹی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہماری پارٹی تن تنہا الیکشن لڑے گی۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہاکہ ہماری پارٹی آئی پی پی تن تنہا الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ پہلا حصے میں یہ ہے کہ پارٹی رجسٹر ہو وہ بھی رواں ہفتے ہوجائے گا۔ دوسرا پراسس انتخابی نشان کا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ لیول پر پارٹی کو نیٹ ورک کرنا چاہتے ہیں اس پر کام جاری ہے۔ ہم پرعزم ہیں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے۔
ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہماری ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے نہ ہی کوئی مشاورت ہوئی ہے۔ کسی کی بی ٹیم نہیں بنیں گے۔ علیحدہ نشان کے ساتھ انتخابات لڑیں گےاپنی علیحدہ پہچان کے ساتھ پارلیمنٹ کا حصہ بنیں گے۔
ان کاکہنا تھاکہ پی ڈی ایم اورن لیگ چاہتی ہے کہ آئی پی پی کے خلاف پراپیگنڈا کیاجائے اور اس کومتنازعہ کیاجائے ۔نو مئی کے بعد پاکستان کی سیاست کا رخ بدل گیا ہے، نئی جماعت کی بہت زیادہ گنجائش پیدا ہوئی ہے۔ ہم نے اس گنجائش میں جگہ بنائی ہے اور اب یہ ہمارا امتحان ہے۔عون چودھری نے پی ٹی آئی پر پابندی کی درخواست ذاتی حیثیت میں دی ہے۔ پنجاب میں پوزیشن کے حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ جو جگہ پیدا ہوئی ہے ،آئی پی پی جگہ بنارہی ہے۔ ن لیگ ایسا بیانیہ بنار ہی ہے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں ایسا کچھ نہیں ہے۔
ہم اس کشتی میں کیوں بیٹھیں گے جس میں پہلے ہی سوراخ ہیں۔اس کشتی کے سیاسی منج دھار میں ڈوبنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی شادی سے لے کر و زارت عظمی تک عملیات کا خاصا کرداررہا ہے۔ا نہوں نے مزید کہاکہ عثمان بزدار کی خواہش ہے کہ ان کو آئی پی پی کا حصہ بنایاجائے لیکن آئی پی پی ان کوشامل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔