اسلام آباد: ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ نے اپنے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے کہا کہ میں کسی چیز پر راضی نہیں ہوا، یہ سب ایک غلط فہمی ہے، یہ سب شاید جان بوجھ کر کسی نے شرارت کی ہے، میں پاکستان کا دورہ نہیں کروں گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی بورڈ کےخزانچی اور آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومال نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ خبریں سامنے آئی تھیں کے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں جے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق جے شاہ نے ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ میں دیکھنے کی دعوت دی اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کر لی جبکہ ذکاء اشرف کی دعوت پر جے شاہ نے پاکستان میں ایشیاء کپ دیکھنے کی دعوت قبول کر لی ۔