ڈربن: چیئرمین آئی پی ایل ارون دھومال نے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔ ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں صرف ایشیا کپ کے شیڈول کو فائنل کیا گیا ہے۔
ارون دھومال نے جے شاہ کے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرنے کی خبروں کی تردید کردی اور کہا کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں صرف ایشیا کپ کے شیڈول پر بات ہوئی ہے، بھارتی ٹیم یا بھارتی بورڈ سیکرٹری کے پاکستان جانے کے معاملے پر بات نہیں ہوئی، پاکستان ایشیا کپ میں صرف نیپال کے خلاف میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گا، جب کہ باقی تین میچز بنگلا دیش سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوں گے۔
بھارتی بورڈ کےخزانچی اور آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومال بھی آئی سی سی میٹنگز کے لیے جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں موجود ہیں ، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور بورڈ آف کنٹرول فار ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ کے درمیان آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر ارون دھومال نے کہا کہ لیگ کے مرحلے کے چار میچز ہی پاکستان میں کھیلے جائیں گے،پاک بھارت میچ سمیت باقی 9 میچز سری لنکا میں ہی ہوں گے، پاک بھارت ٹیمیں اگر فائنل میں پہنچتی ہیں تو یہ بھی سری لنکا میں ہو گا۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں میچز دمبولا میں ہونے کا امکان ہے، پاک بھارت میچ بھی دمبولا میں کھیلا جائے گا تاہم پاکستان میں میچز لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق جے شاہ نے ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ میں دیکھنے کی دعوت دی اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کر لی جبکہ ذکاء اشرف کی دعوت پر جے شاہ نے پاکستان میں ایشیاء کپ دیکھنے کی دعوت قبول کر لی ۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا، اے سی سی پاکستان کی جانب سے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کھیلے جانے کا پہلے ہی اعلان کر چکی ہے۔