کراچی: ایم کیو ایم کے سینئر رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ متحدہ کے منڈیٹ کو بار بارچرایا گیا۔ بلدیاتی اداروں کے اختیارات سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ کراچی کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔
بارشوں کے باعث کراچی کی تباہی پر نیوز کانفرنس میں وسیم اختر نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور اداروں کو کراچی کہ صورتحال سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ ذشتہ بارشوں میں آپنے شہر کا جو حال دیکھا وہ سب کے سامنے ہے۔لوگوں کی قیمتی جانیں گئیں املاک تباہ ہوگئیں ۔ موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔لوگوں کی دکانوں میں پانی چلا گیا اور کاروبار تباہ ہوگئے ۔ انفرا اسٹرکچر اور سڑکیں بارش کے پانی میں بہہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ میں میئر تھا تو چلاتا رہا کہ بلدیاتی اداروں کو اختیارات دئیے جائیں مگر کسی نے نہ سنی ۔ بلدیاتی اداروں کے تمام اختیارات سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ تمام اداروں میں جعلی ڈومیسائل پر غیر مقامی لوگوں کو بھرتی کر رکھا ہے اگر ان اداروں میں مقامی لوگ ہوتے تو وہ شہر میں موجود ہوتے۔
وسیم اختر نے کہا کہ تمام لوگ عید منانے کیلئے اپنے آبائی علاقوں کو گئے ہوئے ہیں۔ سندھ حکومت اور انتظامیہ کا کوئی آدمی شہر کی سڑکوں پر دکھائی نہیں دیا۔ تمام انتظامیہ اور مشینری سندھ حکومت کے ماتحت ہے آپ نے پہلے سے کیوں منصوبہ بندی نہ کی ۔کیوں اس شہر کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔