برسلز: یورپین یونین نے روس پر پابندیوں میں مزید 6 ماہ کی توسیع کر دی اور ان پابندیوں کا دورانیہ 31 جنوری 2022 تک قابل عمل ہو گا۔
ان پابندیوں کا فیصلہ یورپین فارن افئیرز کونسل کے آج برسلز میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں یورپین یونین کے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔
یورپین یونین نے یہ پابندیاں یوکرین کے عدم استحکام میں مبینہ روسی کردار کے حوالے سے عائد کی ہیں۔ ان پابندیوں کے تحت روس کے بینکوں اور اس کی دیگر کمپنیوں پر یورپین فائنانشل اداروں سے لین دین، روس کے ساتھ اسلحہ کی درآمد و برآمد اور روس کی انرجی کمپنیوں میں استعمال ہونے والی حساس یورپین ٹیکنالوجی تک رسائی ناممکن ہوگی۔
یورپین یونین کی جانب سے یہ پابندیاں ابتدائی طور پر جولائی 2014 میں عائد کی گئیں تھیں جن میں مسلسل توسیع ہورہی ہے۔
یورپین قیادت اس بات پر یکسو ہے کہ روس پر یہ پابندیاں اس وقت تک عائد رہیں گی جب تک 2014 کے منسک ایگریمنٹ پر عملدرآمد نہیں ہو جاتا۔