وزیر اعظم نے شجرکاری مہم میں ٹائیگر فورس کی مدد لینے کی ہدایت کردی

05:37 PM, 12 Jul, 2021

اسلام آباد : وزیرِ اعظم نے شجر کاری مہم میں ٹائیگر فورس، طلبا، سول سوسائٹی اور سرکاری و غیر سرکاری محکموں کی بھرپور شرکت  یقینی بنانے  کی ہدایت کردی ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مون سون شجرکاری کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔  اجلاس میں معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، صوبائی وزیر برائے جنگلات پنجاب محمد سبطین خان، معاون خصوصی برائے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک و دیگر افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں مون سون شجرکاری کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو پنجاب کے اہداف اور حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔  اجلاس کو بتایا گیا کہ حالیہ مون سون شجرکاری میں صوبہ پنجاب سرکردہ کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم  نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا نے بلین ٹری سونامی کے حوالے سے قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ ماحول کے تحفظ کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔ 

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ صوبہ پنجاب میں ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر شجر کاری کے پلان کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نہ صرف شجرکاری بلکہ شجرکاری مہم کی مانیٹرنگ اور نتائج کے حوالے سے بھی جدید طریقہ کار کو بروئے کار لایا جائے۔

مزیدخبریں