اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدر ی نے شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا آج شہبازشریف نے گیس اور بجلی کے معاملے پر دھواں دھار پریس کانفرنس کی،ہمیں تو یہ توقع تھی شہبازشریف ایف آئی اے کے کئے گئے سوالات بارے کچھ بات کریں گے،عوام کا پیسہ لوٹنے والے آج عوام کے حقوق کی باتیں کر رہے ہیں ،شریف برادران کی دنیا کے ہر ملک میں پراپرٹی تقریباً موجود ہے،ان کے ہاں بچہ بعد میں پیدا ہوتا ہے مگر اس کے نام کا مہنگااپارٹمنٹ باہر ہوتا ہے،انہوں نے اربوں روپے یہاں سے چرائے اور اس سے باہر جاکرپراپرٹی خریدی،شہبا زشریف کو آج چاہیے تھا کہ جو لوٹ مار کی ہے اس بارے قوم کو آگاہ کرتے۔
فوادچوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس وقت آزاد کشمیر میں الیکشن مہم چل رہی ہے،تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہر حلقے میں اپنا امیدوار کھڑا کیا،باقی سیاسی جماعتوں کے پورے کشمیر میں مکمل امیدوار نہیں،بلاول بھٹو اسی وجہ سے آزاد کشمیر کی الیکشن مہم درمیان میں چھوڑ کر بھاگ گئے،مریم نواز اس وقت آزاد کشمیر میں الیکشن مہم چلا رہی ہیں جس کاکوئی سر پیر نہیں،مریم نواز نے ابھی سے الیکشن میں دھاندلی کا واویلا کرنا شروع کردیا ہے،انہوں نے کہا بہت جلد مریم نواز بھی آزاد کشمیر کی الیکشن مہم سے بھاگ جائیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے افغان ایشو پر بات کرتے ہوئےکہا پاکستان افغانستان میں بدلتی صورتحال پرنظر رکھے ہوئے ہے ،کوشش کر رہے ہیں کابل میں جو بھی تبدیلی آئے اس میں تمام جماعتیں شامل ہوں،ہماری جو کوششیں افغانستان کے اندر ہیں اسے پوری دنیا سراہ رہی ہے۔
وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہرنے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس وقت جو لوڈشیڈنگ ہورہی ہے وہ بجلی نہ ہونے سے نہیں بلکہ ترسیل کی وجہ سے ہورہی ہے،اس وقت پاکستان میں 24 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے،ملک میں بجلی کی پیداوار بہت زیادہ ہے اس کی نسبت ترسیلی نظام نہیں،ترسیل کے نظام میں حکومت نے 3 سال میں ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی،انہوں نے کہا جب بجلی کی ترسیل کی جاتی ہے تو سسٹم پر لوڈ بڑھ جاتا ہے۔
حماد اظہر نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ کیسے سودے ہیں جس میں بجلی استعمال بھی نہ کی جائے اور پیسےدیئے جائیں،تربیلا ڈیم سے پیداواری صلاحیت سے کم 20 فیصد بجلی مل رہی تھی،انہوں نے اگر سستے سودے کئے تو ان کے دور میں ساڑھے 4 ارب کے گردشی قرضے تھے،مسلم لیگ ن کی حکومت امپورٹڈ پلانٹس لگا کر گئی،شہبازشریف نے ساہیوال میں امپورٹڈ کوئلے والا پلانٹ لگایا،سابق حکومت کو کس نے مشورہ دیا تھا امپورٹد پلانٹس لگائے،جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا ۔
وزیراعظم کے مشیر داخلہ وا حتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا شہبازشریف نے پچھلے دنوں چٹکلا چھوڑا انہیں ایف آئی اے نےہراساں کیا،22 جون کو شہبازشریف ایف آئی اے میں پیش ہوئے اور جواب دیئے،شہبازشریف کو اب یاد آیا 22 جون کو انہیں تنگ کیا گیا تھا،انہوں نے کہا شریف خاندان اداروں پر اثرانداز ہونے کیلئے مختلف حربے استعمال کرتا ہے،شہبازشریف مختلف قسم کی باتیں کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں،ٗشہبازشریف سے ایف آئی اے سوالات کرتی ہے تو انہیں برا لگتا ہے۔
شہزاد کبر نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا نوازشریف ایک سزا یافتہ مجرم ہیں ان کی سزا ہائیکورٹ سے بھی بحال ہوچکی ہے،شہبازشریف کا کہنا ہے نیب جو کیس دیکھ رہی تھی اسے اب ایف آئی اے دیکھ رہی ہے،شہبازشریف کی فیملی کے ذاتی اثاثوں میں 7 ارب روپے کا اضافہ ہوا،شہبازشریف اثاثوں میں اضافے کے ثبوت ابھی تک فراہم نہیں کرسکے،جس روزسےشہبازشریف کو لندن نہ جانے دیا گیا وہ بہکی باتیں کرنا شروع ہوچکے ہیں،شہبازشریف تاثردینے کی کوشش کر رہے ہیں ان سے زیادتی ہورہی ہے،سپریم کورٹ پر شریف خاندان کا حملہ سب کو یاد ہے،شہبازشریف اور نوازشریف سزا یافتہ مجرم ہیں۔