دارا سنگھ کو مداحوں سے بچھڑے 9 سال بیت گئے

05:14 PM, 12 Jul, 2021

ممبئی : معروف بھارتی اداکار دارا سنگھ کو مداحوں سے بچھڑے نو برس بیت گئے ،دارا سنگھ  12 جولائی 2012 کو دار فانی سے کوچ کرگئے تھے ۔ ایک پہلوا ن کے طور پر کیرئیر کا آغاز کرنے والے دارا سنگھ    نے  پہلوانی کے میدان کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی اپنے آپ کو منوایا ۔ 

دارا سنگھ رندھاوا 19 دسمبر 1928 کو بھارتی شہر امرتسر میں ایک جٹ سکھ فیملی میں پیدا ہوئے ۔ ان کا اصل نام دیدار سنگھ تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کو دارا سنگھ کے نام سے پہچان ملی ۔ 

بچپن سے ہی کثرت اور تن سازی کے شوق نے ان کو اکھاڑوں کی راہ دکھا دی ۔ لمبے چوڑے داراسنگھ کو 1947 میں سنگا پور جانے  کا موقع ملا ۔ جہاں وہ پہلوان کے طورپر اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہے ۔ 

دارا سنگھ نے بھارت میں رستمِ پنجاب اور بعد میں رستمِ ہند کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔ 1968ء میں انھوں نے ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ جیتی اور اپنے اسی دورِ‌ پہلوانی میں فلم انڈسٹری میں بھی کام شروع کیا۔

بطور اداکار انہوں نے کیرئیر کا آغاز فلم " سنگدل " سے کیا ۔انہوں نے کئی فلموں میں سپورٹنگ رولز تو کئی فلموں میں فائٹر کے طورپر خود کو منوایا ۔ دارا سنگھ نےفلمی کیرئیر میں بالی وڈ کے تقریبا سبھی ہیروز کے ساتھ کام کیا ۔ جن میں دلیپ کمار ، راجکپور،دھرمیندر، امیتابھ بچن سے لے کر شاہ رخ خان تک شامل ہیں ۔

1980 کی دہائی میں مشہور ٹی وی سیریل ’رامائن‘ میں انہوں نے ہنومان کا کردار ادا کیا  جس سے دارا سنگھ بے حد مقبول ہوئے ۔ دارا سنگھ کو لوگ ان کے اس کردار کی وجہ سے زیادہ جانتے ہیں۔

دارا سنگھ  نے 135 کے قریب فلموں اور ٹی وی سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھا ئے جبکہ آٹھ فلمیں پروڈیوس بھی کیں ۔داراسنگھ کی آخری فلم " جب وی میٹ " ثابت ہوئی ۔ 

دارا سنگھ کو 7 جولائی 2012 میں دل کے دورے کی وجہ سے ہسپتال داخل کرایا گیا طبعیت کی بہتری کے بعد ان کو گھر منتقل کیا گیا لیکن اگلے ہی روز وہ ممبئی میں اپنے گھر میں انتقال کرگئے ۔ 

مزیدخبریں