کراچی : نیب نے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، مختلف ادروں لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ، بورڈ آف ریونیو اور دیگر کےافسران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی ہے۔ ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
نیو نیوز کے مطابق نیب کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نجف قلی مرزا کی سربراہی میں نیب کراچی کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا، جس مختلف شکایات، انکوائریز اور تفتیش پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ ریجنل بورڈ نے 2ریفرنسز دائر کرنے اور2 شکایات کو انکوائریز میں تبدیل کرنے کی سفارش کی، اور نیب کا کہنا ہے کہ ان تمام منظور شدہ مقدمات میں خزانے کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا تھا۔
نیب کے مطابق بورڈ نے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ، بورڈ آف ریونیو کے افسران و عہدیداران اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی، سابق ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ ملزم غلام مصطفی پھل، ڈپٹی کمشنر اور ای ڈی او آصف میمن اور دیگر قیمتی سرکاری زمین کو کوڑیوں کی نرخ غیر قانونی الاٹمنٹ اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے خزانے کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ نے بورڈ آف ریونیو کے افسران وعہدیداران اور دیگر کے خلاف ر یفرنس دائر کرنے کی سفارش کی، ملزمان سابق وزیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ ، سابق چیئر مین ایف بی آر عبداللہ یوسف، سابق چیئر مین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے سرکاری خزانے کو 11 ملین امریکی ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔