لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کہتے ہیں گزرا زمانہ واپس نہیں آتا لیکن عمران نیازی نے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے واپس لا کر اس کی نفی کردی ہے۔ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ ختم کردی تھی ۔اب دوبارہ لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی ہے صنعتیں بند پڑی ہیں۔
لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں غربت اوربیروزگاری بڑھ چکی ہے۔ ملک میں اشیائے ضروریہ کی چیزیں مہنگی ہوچکی ہیں۔عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے،صنعتیں بجلی نہ ہونے سے بند پڑی ہیں۔ عمران خان مسلم لیگ (ن) کے دور سے پہلے کا وقت پاکستان میں واپس لے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کےدھرنوں کی وجہ سے پاکستان کی مشکلات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔ پی ٹی آئی کے دھرنوں نے پاکستان میں معیشت کا دھڑن تختہ کردیا تھا۔ نوازشریف کے دور حکومت میں لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ہمیشہ کیلئے ختم ہوگئے تھے۔ عمران خان کے دور حکومت میں لوڈشیڈنگ ملک میں واپس آگئی۔عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ہوئی۔