ہیٹی سٹی : پولیس نے صدر کے قتل کیس میں اہم گرفتاری کا دعویٰ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہیٹی کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے شخص نے صدر جووینل موئز کے قتل کے لیے سہولت کاری کی ہے۔
ہیٹی پولیس چیف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے مشتبہ شخص کی عمر 63 برس ہے اور اس کی شناخت کرسچن ایمانوئل کے نام سے ہوئی جب کہ یہ شخص گزشتہ ماہ ایک نجی جہاز کے ذریعے ملک میں داخل ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے ملزم کو چارج کیے جانے اور اس کے مقاصد سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں تاہم پولیس کا کہناہےکہ ملزم سیاسی مقاصد کے لیے ہیٹی آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ صدر کے قتل کے بعد گرفتار ملزم پہلا شخص ہے جسے مشتبہ قاتل کہا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کے گھر سے گولیاں، دو گاڑیاں اور دیگر سازو سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل پولیس کا کہنا تھا کہ صدر کے قتل میں کم از کم 28 افراد کا گروپ شامل ہے جن میں سے 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن میں دو امریکی شہری بھی شامل ہیں، تین مشتبہ افراد کو ہلاک کیا جاچکا ہے جب کہ دیگر کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ہیٹی کے صدر کو گزشتہ ہفتے ان کی رہائش گاہ پر قتل کیا گیا جب کہ اس حملے میں خاتون اول بھی زخمی ہوئیں۔