لاہور: موسم کی خرابی کے باعث وزیراعظم عمران خان کا دورہ لاہور کینسل کر دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران نے آج ایک روزہ دورے پر لاہور آنا تھا ، جس کے لیے لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے پہلے سے ہی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی و خارجی ناکوں پر پہلے سے ہی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی ۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وزیراعظم کی لاہور میں مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور حفاظتی اقدامات عمل میں لائیں ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق اجلاس طلب کر رکھا ہے ۔ اجلاس آج سہ پہر 4 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا ۔ لیکن عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ اجلاس میں آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق پی ٹی آئی کی انتخابی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات 25 جولائی کو ہو رہے ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے ۔ آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت مسلم لیگ ن کی پوزیشن مستحکم ہے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم مریم نواز شریف چلا رہی ہیں ۔ دونوں کی طرف سے تحریک انصاف خصوصاً وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔