سلیکٹر کو ساتھ ملا کر بنایا گیا کرپشن کا بیانیہ منہ کے بل زمین پر گر پڑا، مریم نواز  

01:43 PM, 12 Jul, 2021

لیپہ: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سلیکٹر کو ساتھ ملا کر کرپشن کا جو بیانیہ بنایا گیا تھا، وہ آج منہ کے بل زمین پر گرا پڑا ہے۔ عمران خان کو اس وقت سادہ اکثریت کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ کشمیر میں پھر شیر آ رہا ہے، یہاں کی عوام نے نواز شریف کو ووٹ دینے کا نعرہ لگایا ہے لیکن ایک ووٹ چور یہاں نظر لگا کر بیٹھا ہے۔ عوام اس ووٹ چور کو نہ چھوڑے بلکہ گھر تک چھوڑ کر آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وادی لیپہ والے بھی آٹا اور چینی چوروں کو پہچان چکے ہیں۔ کشمیر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، حکمرانوں کو کشمیر آکر وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وفاق سے کشمیر کو جو بجٹ ملتا ہے وہ بھیک نہیں، آپ کا حق ہے۔ کشمیریوں کا کوئی حق چھین لے، میں بیٹھ کر دیکھ نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کئی لوگ ذاتی مفاد کیلئے نواز شریف کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ کشمیریوں کا دل وفاقی حکومت کے ساتھ نہیں ہے۔ 

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں فوجی بھائیوں کی تنخواہیں نہیں بڑھیں، یہ تنخواہیں بھی آخری بار نواز شریف دور میں بڑھی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نواز شریف کا میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتا کیونکہ وہ ایک بزدل آدمی ہے۔ اسے تین سال بعد بھی نواز شریف کو شکست دینے کیلئے الیکشن چوری کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیگی قائد میاں نواز شریف، میاں نواز شریف، حمزہ شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں جبکہ مریم نواز پہلی خاتون جو نیب کی قید میں رہ کر آئی ہے۔

مزیدخبریں