امریکی خاتون کی ہوائی جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش، عملے نے سیٹ سے باندھ دیا

12:18 PM, 12 Jul, 2021

واشنگٹن: امریکا میں ایک ہوائی سفر کے دوران زبردستی جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش کرنے والی خاتون کو عملے نے پکڑ کر سیٹ کیساتھ باندھ دیا۔ خاتون نے عملے کے ایک رکن کو کاٹ کر زخمی کر دیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ امریکی ایئر لائنز میں پیش آیا۔ ہوائی کمپنی کے ترجمان نے اپنے بیان میں واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خاتون دوران پرواز اچانک اپنی سیٹ سے اٹھی اور جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش کرنے لگی، وہاں موجود عملے نے اسے دبوچنے کی کوشش کی تو اس نے ان میں سے ایک شخص کو بری طرح سے کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔

تاہم جہاز کے عملے نے اس خاتون کو دبوچ کر سیٹ کیساتھ باندھ دیا اور اس کے منہ پر بھی ٹیپ لگا دی کیونکہ وہ پاگل پن کی حد تک شور شرابہ کر رہی تھی۔

امریکی میڈیا میں یہ خبر اور اس سے جڑی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں لیکن اس خاتون کا نام اور پتا ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے۔

تاہم صرف یہ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ رواں ماہ 6 جولائی کو پیش آیا۔ امریکن ایئر لائنز کی یہ پرواز فورٹ ورتھ ہوائی اڈے سے ڈیلاس جا رہی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جہاز میں موجود دیگر مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے عملے نے اس خاتون کو سیٹ کیساتھ باندھ دیا تھا تاکہ وہ اپنے پاگل پن میں کسی کو نقصان نہ پہنچا دے۔

امریکن ایئر لائنز کی جانب سے خاتون کیخلاف عملے کی بروقت کارروائی پر ان کی تعریف کی ہے۔

مزیدخبریں