نئی دلی: بھارت میں ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں سیلفی لینے کیلئے اکھٹے ہونے والے افراد پر اچانک آسمانی بجلی گر پڑی، اس دل دہلا دینے والے حادثے میں 11 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق یہ حادثہ انڈین ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں پیش آیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والے تمام افراد جے پور میں صدیوں سے قائم امر قلعے کے مینار پر چڑھ کر سیلفیاں لے رہے تھے۔
خیال رہے کہ جے پور کا امر قلعہ بارہویں صدی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ حادثے کے وقت تیز بارش ہو رہی تھی۔ مرنے والے تمام افراد سیر کرنے اس قلعے میں پہنچے تھے۔
بی بی سی کا کہنا ہے کہ امر قلعے کے مینار پر کم ازکم 30 افراد موجود تھے جب ایک دم ان پر آسمانی بجلی آ گری۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی لوگوں نے اپنی جانیں بچانے کیلئے مینار سے ہی چھلانگیں لگا دیں۔ مرنے والے زیادہ تر افراد نوجوان تھے۔
اس افسوسناک واقعے میں نوجوانوں کے مرنے کی اطلاع پر پورے جے پور میں سوگ کا سماں ہے۔ ریاست راجھستان کے وزیراعلیٰ اشوک گھیلوت نے ہلاک شدگان کے اہلخانہ کو فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ پورے ہندوستان میں ان دنوں شدید بارشیں شروع ہو چکی ہیں۔ موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کی بڑی وجہ کم درخت ہیں۔