اسلام آباد : وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صادق آباد میں ٹرینوں کا تصادم انسانی غفلت کے باعث ہوا اور اس حادثہ کے بارے میں انکوائری کی حتمی رپورٹ جمعہ کو مل جائے گی اور اس انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار کو سزا دی جائے گی۔
انہوں نے جمعرات کو نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے صادق آباد کے نزدیک مال گاڑی اور ٹرین کے تصادم میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے ہر مسافر کے اہل خانہ کو 15 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 5 لاکھ روپے فی کس اور معمولی زخمیوں کو 2 لاکھ روپےفی کس دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار حکومت میں ریلوے میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی اور ریلوے کو کرپٹ افراد سے نجات دلانے میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریلوے کے سٹرکچر پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا تاہم پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کو 36 نئی ٹرینیں چلانے کا کریڈٹ جاتا ہے، ہم نے ریلوے کا خسارہ کم کر دیا ہے اور ریلوے کے نظام کو دھارے میں لانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔
حیدر آباد میں حادثہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بعد اس سیکشن کے دو افسروں کو نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ دیگر دو کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔