ایجبیسٹن: آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلش بلے باز جیسن روئے پر امپائر سے جھگڑنے پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش بلے باز جب 85 رنز پر پہنچے تو پیٹ کمنز کی گیند پر سری لنکن امپائر کمار دھرما سینا کی طرف سے آؤٹ دیے جانے پر جیسن روئے نے امپائر سے تلخ کلامی کی۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے انگلش بلے باز پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جیسن روئے نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا ہے جس کے بعد اس معاملے میں مزید کارروائی کی ضرورت نہیں۔
روئے کے غلطی مان لینے کے بعد ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور وہ پابندی سے بچ گئے۔
اس کے علاوہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جیسن روئے کے انضباطی ریکارڈ میں دو ڈی میرٹ پوائںٹس کو بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ورلڈ کپ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔