'ایمنسٹی اسکیم کی مد میں مجموعی طور پر 97 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا'

'ایمنسٹی اسکیم کی مد میں مجموعی طور پر 97 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا'
کیپشن: ایمنسٹی اسکیم سے اب تک 55 ہزار 225 افراد نے فائدہ اٹھایا۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نگران وفاقی وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کی مد میں مجموعی طور پر 97 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا ہے۔

وزارت خزانہ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر عوام کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور اب تک 55 ہزار 225 افراد نے اسکیم سے فائدہ اٹھایا ہے۔

اعلامیے کے مطابق جن لوگوں نے اسکیم سے فائدہ اٹھایا ان کے بیرون ملک ظاہر کیے گئے اثاثوں کی مالیت 577 ارب روپے ہے جب کہ اندرون ملک ظاہر کیے گئے اثاثوں کی مالیت 1192 ارب روپے ہے۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری وکلاء کی ٹیم کے ہمراہ آج سپریم کورٹ پیش ہوں گے، ذرائع

وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کی مد میں مجموعی طور97 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا جس میں سے 36 ارب روپے بیرون ملک اثاثوں اور اندرون ملک اثاثوں سے 61 ارب روپے وصول ہوئے۔

وزرات خزانہ کے اعلامیے کے مطابق 4 کروڑ ڈالر کے اثاثہ جات پاکستان منتقل کیے گئے اور پاکستان کی تاریخ میں اب تک کسی ایمنسٹی اسکیم پر اتنا ٹیکس وصول نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ 5 اپریل 2018 کو اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور ان کی بیٹی کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل

انہوں نے 5 نکاتی ٹیکس اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن لوگوں کے اثاثے بیرون ملک ہیں وہ دو فیصد جرمانہ اد کر کے ٹیکس ایمنسٹی سے استفادہ کر سکتے ہیں جب کہ ڈالر اکاؤنٹ پر 5 فیصد ٹیکس ادا کر کے اسے رکھا جا سکتا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں