سیالکوٹ: تین بہنوں کے پراسرار قتل کے کیس میں سوتیلی ماں اور والد کا اعتراف جرم، پولیس مدعی بن گئی، جمعرات کو عدالت اور میڈیا کے روبر و اعترافی بیان کی ریکارڈنگ کیلئے پیش کیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ بوڑھی محلہ میں 20جون کو تین سگی بہنیں سات سالہ آیت خان، پانچ سالہ آمنہ خان اور تین سالہ زویہ خان پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی تھی جس پر ان کی سوتیلی والدہ نادیہ خان اور والد ادریم خان نے ڈرامہ رچایا کہ دونوں چاٹ اور سموسمے کھانے کے بعد ہیضے کے باعث جاں بحق ہوئی ہیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں فاسفورس سے ہلاکتوں پر پولیس نے دونوں کو 6جولائی کے روز حراست میں لیکر تحقیقات شروع کیں تو انہوں نے مبینہ طور پر تینوں کو زہر دیکر ہلاک کرنے کا اعتراف کیا۔ تاہم پولیس جمعرات کے روز علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو اقبالی بیان کے بعد میڈیا کے روبرو بھی ریکارڈنگ کیلئے پیش کرے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ میں قبل ازیں ادریم خان مدعی تھا اس کے ملزم ہونے پر مقدمہ کی مدعیت پولیس کے پاس چلی گئی ہے۔ دونوں کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد جوڈیشل کردیا جائیگا۔