اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے علاقے، احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر میں ہونے والے دھماکے کے بعد تیل ترسیل کرنے والی کمپنی، شیل پاکستان نے کہا ہے کہ وہ متاثرین کو معاوضہ دینے پر تیار ہے۔
شیل پاکستان کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کے کہنے پر آئل ٹینکر دھماکے کے باعث ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے کمپنی، ادارے سے بات چیت کر رہی ہے، تاکہ مالی اعانت ان افراد تک مناسب طریقے سے پہنچائی جا سکے جن کے عزیز ہلاک یا زخمی ہوئے۔
پاکستان میں آئل اور گیس کے شعبوں کے نگران ادارے اوگرا نے گزشتہ ماہ آئل ٹینکر میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری شیل پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کمپنی پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا تھا۔کمپنی کی طرف سے یہ جرمانہ اوگرا کو پہلے ہی ادا کر دیا گیا ہے۔
اوگرا نے 'شیل پاکستان لمیٹڈ کو ہلاک ہونے والے ہر شخص کے خاندان کو 10 لاکھ روپے جب کہ زخمی ہونے والوں کو فی کس پانچ لاکھ روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔اوگرا نے کمپنی کو تیل کی ترسیل کے لیے حفاظتی انتظامات سے متعلق اپنا معیار بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ضلع بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں 25 جون کو تیل سے بھرا ٹینکر ایک مرکزی شاہراہ پر الٹنے کے بعد اس سے بہنے والا تیل جمع کرنے سینکڑوں افراد جمع ہوگئے اور اس دوران آگ بھڑک اٹھی تھی اور تیل سے بھرا ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔
واقعے میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 215 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اب بھی درجنوں زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں.