اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ انشااللہ وزیر اعظم استعفی نہیں دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفی کے مطالبے پر کہا کہ انشااللہ استعفی نہیں دیں گے، استعفی اس لئے دیں کہ نواز شریف کے پانچوں ادوار میں ان کے خلاف ایک بھی سرکاری پیسے کی خرد برد ثابت نہیں ہو سکی؟
مریم نوازشریف نے کہا کہ پانچ ادوار میں ان کے خلاف ایک سرکاری پیسے کی خوردبرد ثابت نہیں ہوسکی ۔مریم نواز کا مزید کہناتھاکہ اس مرتبہ سازشی ضرور بے نقاب ہوں گے۔
واضح رہے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفی کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے تاہم حکومت نے جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔