کراچی : سندھ کے صوبائی وزیر برائے داخلہ، زراعت، معدنیات و معدنی وسائل اور بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ، سہیل انور خان سیال نے قیام پاکستان کے 70سال مکمل ہونے پر سیکرٹری داخلہ سندھ، تمام زونل اور رینج ڈی آئی جیز سمیت تمام ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سترویں یوم آزادی پر محکمہ داخلہ اور سندھ پولیس کی تمام عمارتوں پر یکم تا چودہ اگست پاکستان کا جھنڈا لہرایا جائے اور جھنڈیوں کے ساتھ سجاوٹ کا بھی اہتمام کیا جائے۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق وزیر داخلہ سندھ نے محکمہ داخلہ اور سندھ پولیس کی تمام گاڑیوں پر جھنڈا لگانے کے ساتھ یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات کے انعقاد کا بھی حکم دیا ہے۔صوبائی وزیر کی جانب سے دی جانے والی تمام ہدایات کا اطلاق محکمہ زراعت، محکمہ معدنیات و معدنی وسائل اور بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز پر بھی ہوتا ہے۔