تعلیم ہی سے پاکستان کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے، ملالہ یوسف زئی

تعلیم ہی سے پاکستان کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے، ملالہ یوسف زئی

لاہور: نوبل انعام یافتہ پاکستان کی بیٹی ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ تعلیم ہی سے پاکستان کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے حکومت اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ہر بچی اور بچے کو تعلیم کا بنیادی حق مہیا کرے۔

انہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانیو آپ اس ملک کا مستقبل بدل سکتے ہیں آپ کی تعلیم اس ملک کے لئے بہت ضروری ہے۔ آپ تعلیم کے ذریعے اپنے ملک کو آگے سے آگے لے جا سکتے ہو۔ اس کے لئے محنت کرو اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرو۔

ملالہ یوسفزئی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے لئے فنڈز میں اضافہ کریں اور پاکستان کی ہر بچی اور بچے کو تعلیم کا حق دیں۔ انہوں نے والدین سے مخاطب ہو کر کہا کہ تمام والدین اپنے بچوں کو جو سب سے بہتر دے سکتے ہیں وہ تعلیم ہے ۔ بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں اور انہیں ملک کے بہترین معمار بنائیں۔

یاد رہے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اپنی 20ویں سالگرہ منانے کے لئے اپنے والد کے ہمراہ مشرق وسطیٰ گئی ہیں جہاں وہ آج اپنی سالگرہ پناہ گزین لڑکیوں کے ساتھ منا رہی ہیں۔

 

پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنیوالی ملالہ یوسف زئی 1997ء میں سوات کے شہر مینگورہ میں پیدا ہوئیں۔ امن اور لڑکیوں کی تعلیم کیلئے آواز بلند کرنے والی ملالہ کی آواز کو خاموش کرنے کیلئے دہشت گردوں نے ان پر 9 اکتوبر 2012ء کو اسکول سے گھر جاتے ہوئے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔ وہ صحت یاب ہوئیں تو دنیا بھر میں خواتین اور بچوں کی تعلیم کی آواز بن گئیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں