لاکھوں خواتین کے دلوں کی دھڑکن ارشد چائے والا افغان شہری نکلا،نادرا کا انکشاف

12:00 PM, 12 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور : نیلی آنکھوں،پرکشش چہرے اور لاکھوں خواتین کے دلوں کی دھڑکن ارشد خاں عرف  ارشد چائے والا پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری نکلا۔ ارشد چائے والا جس نے سوشل میڈیا پر راتوں رات شہرت پائی اور نہ صرف پاکستانی بلکہ دنیا بھر کی خواتین اور لڑکیوں کے دل کی ڈھرکن بن گیا تھا ۔چائے والا ارشد خان اتنا مشہور ہوا کہ ہر روز اس کے متعلق  نئی  سے نئی خبر یں آنا شروع ہوگئیں ۔

اب ارشد چائے والا کے بارے ایک نیا انکشاف ہوا ہے کہ  ارشد خان پاکستانی شہری نہیں ہے۔  نادرا رپورٹ کے مطابق ارشد خان کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ نہیں بلکہ وہ افغان شہری ہے اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہے۔

نادرا حکام کے مطابق ارشد خان کا تعلق افغانستان کے صوبے قندھار سے ہے اور ان کے والد باز محمد نے دو شادیاں کررکھی ہیں جب کہ انہوں نے افغان مہاجرین کا رجسٹریشن کارڈ بھی حاصل کررکھا ہے۔

ارشد خان نے جعلی دستاویزات پر خود کو موسیٰ خیل ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی شہریت حاصل کی اور پاکستانی پاسپورٹ بھی حاصل کر لیا لیکن وزیرداخلہ کےحکم پر جاری تصدیقی عمل کے دوران ان کے افغان شہری ہونے کا بھانڈا پھوٹ گیا۔

یاد رہے کہ  ارشد کی نیلی آنکھوں اور پرکشش شخصیت سے متاثر ہوکر ایک خاتون نے اسکی تصویر سوشل میڈیا پر ڈال دی تھی جو اتنی وائرل ہوئی کہ ارشد کی قسمت کھل گئی اور وہ راتوں رات مشہور ہوگیا۔ اور اسے مختلف ٹی وی چینلز پر مدعو کیا گیا۔ اسی شہرت کی وجہ سے اس  نے شوبز میں بھی قدم رکھا۔

مزیدخبریں