لاہور: ایک بیان میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مشرف دور سے آج تک عمران خان نے ہمیشہ سیاست میں مصنوعی سہارے ڈھونڈنے کی کوشش کی۔ کاش عمران خان ایسا کرنے کی بجائے جمہوری عمل پر بھروسہ کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرت نے عمران خان کو کے پی کے میں نادر موقع دیا تھا لیکن عوام کی خدمت ان لوگوں کے بس کا کام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تمام تر توقعات کا دار و مدار جے آئی ٹی رپورٹ کی دستاویز پر مبنی ہے مگر اس رپورٹ کے مندرجات تضادات کا شکار ہیں اور یہ رپورٹ منظر عام پر آنے سے پہلے متنازعہ ہو چکی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے میرے خلاف عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کی دھمکی دی ہے اور میں عمران خان کے ریفرنس کا انتظار کروں گا۔ یقین ہے نیازی صاحب اس ریفرنس کے بعد عدالت کا سامنا کرنے کی بجائے حیلے بہانے تلاش کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی میرے خلاف ہرزہ سرائی نئی بات نہیں ان کے خلاف دس ارب روپے کا ہرجانہ دائر کر رکھا ہے ۔عمران خان نے 23 مارچ 2013 کو لاہور کے ایک جلسے میں جھوٹ نہ بولنے کا اعلان کیا تھا ان کی سیاست سے جھوٹ اور گالیاں نکال دیں تو باقی کچھ نہیں بچے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں