لاہور: گوجرانوالہ میں بارش نے تباہی مچا دی۔ خستہ حال دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بلوچستان کے علاقے ژوب میں بھی مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی اور بچے سمیت دو افراد سیلا بی ریلےمیں بہہ گئے۔ ملک بھر میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
گجرات میں 138 ملی میڑ، گوجرانوالہ میں 106 اور سیالکوٹ میں 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح بلند ہونے لگی۔ کشمیر، اسلام آباد، مری، لاہور، سیالکوٹ، کوئٹہ سمیت شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور فاٹا میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں چھتیں ٹپکنے لگیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر، مردان اور کوئٹہ میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ مظفرآباد ، باغ، ہٹیاں، چناری، لیپہ، حویلی اور پونچھ کے ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں فاٹا، گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب میں کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
بارش کے بعد مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ سے اتوار کے دوران سندھ اور مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں