کولمبو: زمبابوے سے ون ڈے میچز کی سیریز میں شکست کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجلیو میتھیوز نے ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق میتھیوز نے اس شکست کو اپنے کیریئر کی بدترین شکست قرار دیا۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجیلو میتھیوز نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 2-3 سے شکست کے بعدون ڈے، ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا۔اینجیلومیتھیوز نے 34 ٹیسٹ، 98 ایک روزہ اور 12 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سری لنکن ٹیم کی قیادت کی جبکہ سری لنکن ٹیم نے میتھیوز کی قیادت میں گزشتہ سال آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کی تھی۔ ٹیم نے ان کی قیادت میں 13 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی سمیٹی۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی سرزمین پر کھیلی گئی پانچ میچوں کی ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔سری لنکا نے دوسرے میچ میں 7 وکٹوں اور تیسرے میچ میں 8 وکٹوں سےکامیابی حاصل کی تھی تاہم چوتھے میچ میں زمبابوے کی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کامیاب قرار دیا گیا تھا۔سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں زمبابوے نے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز بھی اپنے نام کرلی تھی.
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.