تہران: امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں جاری بدترین آگ پر قابو پانے کے لیے ایران نے تعاون کی پیشکش کردی ہے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے امریکی ریڈ کراس کے سربراہ کلف ہولٹ کو خط لکھ کر امداد بھیجنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران قدرتی آفات سے نمٹنے کے اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ریپڈ ایکشن ٹیمز اور ریسکیو سامان بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
پیر حسین کولیوند نے خط میں یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں امریکا تنہا نہیں ہے۔
دوسری جانب، لاس اینجلس میں منگل سے جاری آگ نے تباہی مچا دی ہے۔ غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق، آگ سے اب تک 16 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی اور 13 افراد لاپتا ہیں۔ آگ نے 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتوں کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا ہے جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
آگ بجھانے کے لیے 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکرز سرگرم ہیں، تاہم آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔