ممبئی :معروف کرکٹ کوچ سنجے بنگر کے بیٹے آریان بنگر، اب عنایہ بنگر، نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے اور جذباتی سفر کی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ عنایہ کی انسٹاگرام پوسٹ نے کرکٹ کمیونٹی اور مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا، جہاں انہوں نے اپنی شناخت کی تلاش اور ہارمونی علاج کے تجربات پر روشنی ڈالی۔
عنایہ بنگر نے بتایا کہ بچپن سے ہی انہیں کرکٹ سے محبت تھی، لیکن ہمیشہ یہ سوال کرتی تھیں کہ وہ لڑکی کیوں پیدا نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا، "میں اپنی ماں کے کپڑے چھپ کر پہنتی تھی اور ہمیشہ خود کو لڑکی کے طور پر دیکھتی تھی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ دوہری زندگی گزارنا ان کے لیے مشکل تھا۔ "میں کمرے میں اپنی سچی خواہشات کے ساتھ زندہ رہتی اور میدان میں ایک لڑکے کے طور پر۔ وقت کے ساتھ، میں نے کرکٹ سے دوری اختیار کرلی کیونکہ مجھے اپنی حقیقت چھپانی پڑتی تھی۔"
عنایہ نے کرکٹ سے وقفہ لے کر یو کے جانے کا فیصلہ کیا، جہاں انہوں نے ماہرین نفسیات سے مشورہ لیا اور ہارمونی علاج کا آغاز کیا۔ علاج کے دوران انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جیسے پرانے دوستوں کی دوری اور سماجی دباؤ، لیکن ان سب کے باوجود وہ اپنی شناخت کو اپنانے میں کامیاب رہیں۔
انہوں نے کہا، "ہارمونی علاج کے بعد آنے والی جسمانی تبدیلیوں نے مجھے سکون اور خوشی دی، جو میں نے پہلے کبھی محسوس نہیں کی تھی۔"
عنایہ بنگر کی کہانی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی اور ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا، جنہوں نے ان کے حوصلے اور ہمت کی تعریف کی۔