پاکستان اور بنگلہ دیش کی تجارتی ٹیموں کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال

10:02 PM, 12 Jan, 2025

ڈھاکہ:ڈھاکہ، بنگلہ دیش: پاکستان کے تجارتی وفد نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں 12 سال بعد بنگلہ دیش کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا گیا۔

ایف پی سی سی آئی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پاکستانی وفد نے بنگلہ دیش کے وزیر تجارت شیخ بشیرالدین سے ملاقات کی، جس میں تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی فائدے کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بات چیت کی گئی۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ یہ دورہ ایک نئے دور کا آغاز ہے اور پاکستان ہمیشہ بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ وزیر تجارت شیخ بشیرالدین نے پاکستان سے اپنے تجارتی تعلقات کو ترجیح دینے کا عزم ظاہر کیا۔

دورے کے دوران سینیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی، ثاقب فیاض مگوں نے بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا شرائط میں نرمی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو طویل مدتی ویزے دیے جائیں۔

دونوں ممالک نے باہمی تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا اور پاکستانی کمپنیوں کو بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔ بنگلہ دیش کے وزیر تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر اقتصادی، معاشی، اور تجارتی مواقع کو فروغ دیں گے۔

پاکستانی ہائی کمشنر سید احمد معروف نے اس ملاقات میں خصوصی شرکت کی۔
 

مزیدخبریں