فائر ٹورنیڈو کے خطرناک مناظر، لاس اینجلس میں آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری

09:49 PM, 12 Jan, 2025

لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی شدید آگ نے تباہی مچادی، جس میں فائر ٹورنیڈو کے خوفناک مناظر بھی سامنے آئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق لاس اینجلس کے جنگلات میں مختلف مقامات پر لگی آگ میں فائر ٹورنیڈو (فائروِہرل) دیکھے گئے ہیں، جو شدید گرم ہوا، آگ اور راکھ سے مل کر بنتے ہیں اور دائرے کی شکل میں حرکت کرتے ہوئے اوپر کی جانب اٹھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فائر ٹورنیڈو کا قطر چند فٹ سے لے کر ایک سو فٹ تک بھی ہو سکتا ہے اور یہ آگ کو مزید بھڑکا سکتے ہیں۔

لاس اینجلس میں منگل سے جاری آگ کی شدت میں کمی نہیں آئی، جس کی وجہ سے 16 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ 13 افراد اب تک لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ آگ کی وجہ سے 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

لاس اینجلس میں آگ بجھانے کے لیے 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، 1100 سے زائد فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر کام میں مصروف ہیں۔
 

مزیدخبریں