لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اپنے 9 سالہ طویل سفر کے اختتام کا اعلان کیا ہے۔ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں سرفراز احمد نے فرنچائز کے مالک ندیم عمر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے اس شاندار ٹیم کے ساتھ اپنا وقت گزارا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ اس 9 سالہ سفر میں جو بھی سپورٹ انہیں ملی، وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے ٹیم مالک ندیم عمر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ندیم بھائی نے انہیں ٹیم میں کھیلنے کا موقع دیا اور ہمیشہ کھلاڑی اور کپتان کی ضروریات کو پورا کیا۔ سرفراز نے اپنی نیک تمنائیں ہمیشہ ٹیم کے ساتھ رہنے کا یقین دلایا اور ٹیم مینجمنٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کے 9ویں سیزن کے لیے سرفراز احمد کی جگہ رائلی روسو کو کپتان مقرر کیا تھا۔ سرفراز احمد نے پی ایس ایل کے ابتدائی 8 ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کی تھی، تاہم حالیہ سیزنز میں ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے بعد قیادت کا فیصلہ کیا گیا۔
گلیڈی ایٹرز کی ابتدائی چار سیزنز میں ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی تھی، جب کہ 2019 میں سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم نے پہلی بار چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ تاہم، بعد ازاں ٹیم کی کارکردگی میں زوال آیا اور پچھلے چار سیزنز میں ٹیم پلے آف میں بھی جگہ بنانے میں ناکام رہی۔