اسلام آباد : اسلام آباد کے علاقے آئی نائن میں ناکہ پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ٹریفک کانسٹیبل زبیر گولی لگنے سے جام شہادت نوش کر گئے۔
پولیس کے مطابق ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہید ٹریفک پولیس کے جوان زبیر شاہ کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
محسن نقوی نے اس افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا اور کہا کہ شہید کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا، ان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔ پولیس نے شہید کانسٹیبل زبیر شاہ کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔