اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔ اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر ملبہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ افغانستان 2024 میں داعش کی بھرتیوں اور سہولت کاری کا مرکز رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروپوں سے متعلق اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ موجود ہے، جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، القاعدہ اور داعش جیسے گروپوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان میں 2 درجن سے زائد دہشت گرد گروہ فعال ہیں، اور یہ گروہ افغان سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے افغان حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عبوری حکومت کو دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں اور افغان سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا چاہیے۔