لاہور : لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ دھند میں نمایاں کمی آئی ہے۔ لاہور، منچن آباد، بصیرپور اور دیگر شہروں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔ قصور، ننکانہ صاحب، پتوکی، عارف والا، ساہیوال اور رینالہ خورد میں بھی بارش نے ماحول کو سرد بنا دیا ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ کشمیر، مری، گلیات اور گردونواح میں مزید بارش کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے، جہاں تاؤ بٹ میں درجہ حرارت منفی 21، لہہ میں منفی 13، پاراچنار میں منفی 12 اور سکردو میں منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ گوپس، کالام اور ہنزہ میں بھی سردی کی شدت محسوس کی گئی۔