پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے کہا ہے کہ عمران خان کے حکم کا انتظار کر رہا ہوں، حکم ملتے ہی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر کو بھیج دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان کا کے پی اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق موقف سامنے آ گیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا سپاہی ہوں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں عمران خان کے حکم کا انتظار کر رہا ہوں اور حکم ملتے ہی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر کو بھجوا دوں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب وزیراعلیٰ پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے، انہوں نے 186ووٹ حاصل کئے تھے جس کے بعد آج انہوں نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفواد چوہدری نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو بھجوا دی گئی ہے، اگر انہوں نے اسمبلی تحلیل نہ کی تو 2 روز میں خود ہی پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔ ہم پاکستان مسلم لیگ (ق) پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔