وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس پر دستخط کر دئیے

08:04 PM, 12 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس پر دستخط کر دئیے ہیں اور اسے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو بھیج دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس پر دستخط کر دئیے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو بھجوا دی گئی ہے، اگر انہوں نے اسمبلی تحلیل نہ کی تو 2 روز میں خود ہی پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔ ہم پاکستان مسلم لیگ (ق) پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی کو بھی توڑ دیں گے اور دونوں اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بعد انتخابات میں جائیں گے، حمزہ شہباز شریف کو 48 گھنٹے میں عبوری حکومت بنانے کیلئے خط بھی لکھیں گے۔ 
پی ٹی آئی رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو بھی کہہ رہے ہیں کہ استعفے منظور کریں، وفاقی حکومت کو اپنے بل سے باہر آنا چاہئے اور اب پاکستان کو قومی انتخابات کی جانب بڑھنا چاہئے۔

مزیدخبریں