اسلام آباد (شیراز احمد شیرازی) سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) خرم محمود آغا نے اسلام آباد، مظفر آباد دوہری شاہراہ کا دورہ کیا اور عوام کیلئے ہر ممکن سہولت پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی ہدایات پر سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے رواں سال برف باری سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کیلئے متحرک ہیں اور اس ضمن میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے کیلئے اسلام آباد، مظفر آباد دوہری شاہراہ (IMDC) کا دورہ کیا۔
خرم محمود آغاز نے اپنے دورے کے دوران این ایچ اے حکام اور موٹر وے پولیس سے ملاقات کی اور انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے قومی شاہراہ پر عوام کیلئے ہر ممکن سہولت پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا جبکہ اپنے دورے کے دوران سنو پروٹیکشن اور مینٹینس ورک کا معائنہ بھی کیا۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق سیکرٹری مواصلات نے آئی ایم ڈی سی کے دورے کے دوران شاہراہ پر موجود غیر قانونی یوٹرنز کا سختی سے نوٹس لیا جبکہ عوام سے گزارش کی کہ برف باری کے دوران مری کی طرف غیر ضروری سفر سے احتراز کریں اور ضروری سفر کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل پیرا رہیں۔