پشاور (عبدالقیوم آفریدی ) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے سرکاری ریٹ پر عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری آٹا تقسیم کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی جبکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے انتظامی افسران نے شرکت کی اور اس دوران اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 704 آٹا ڈیلروں کو یومیہ 10 کلوگرام کے 67 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری ریٹ سے زائد وصول کرنے والے 84 آٹا ڈیلروں کے کوٹے منسوخ کرکے ڈیلروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور کے تمام 346 نیبرہوڈ اور ویلج کونسلز کو یومیہ 200 تھیلے فراہم کئے جائیں گے، ہر نیبرہوڈ اور ویلج کونسل میں مقامی ممبر صوبائی اسمبلی کا منتخب کردہ صرف ایک ڈیلر سرکاری سبسڈائزڈ آٹے کا ڈیلر نامزد ہو گا جبکہ منتخب کردہ صرف ایک ڈیلر کو 50 یا 60 تھیلے کے بجائے 200 آٹے کے تھیلے فراہم کئے جائیں گے۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے آٹے کی قیمتوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کاروائیوں کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر ریاض محسود کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران سرکاری ریٹ پر عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں جبکہ سرکاری ریٹ سے زائد وصول کرنے والے آٹا ڈیلروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔