اسلام آباد (ریاض تھہیم) سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ نے پاکستان کے ساتھ تیل کی مالی اعانت کے نئے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور میں ہونے والی تقریب کے دوران سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سلطان عبدالرحمن المرشد نے اور پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے معاہدے پر دستخط کئے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے اعلیٰ حکام بھی معاہدے پر دستخط کے موقع پر موجود تھے۔
اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ معاہدے پاکستان کیلئے 1 بلین امریکی ڈالر مالیت کے ہیں جن کا مقصد پاکستان کی معیشت، شعبے کی ترقی، اور اقتصادی چیلنجز کی نیوی گیشن میں مدد کرنا ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق آج طے پانے والا یہ سٹریٹجک معاہدہ پائیدار معیشت کی تعمیر کیلئے ہے اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت کا تسلسل ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ 2019 اور 2021 میں، SFD نے 4.44 بلین امریکی ڈالر کے تیل کی مالی اعانت کے معاہدوں پر دستخط کئے اور فنڈ کے قیام کے بعد سے، SFD نے پاکستان کے مختلف ترقیاتی شعبوں میں 40 سے زائد منصوبوں اور پروگراموں کی حمایت کی ہے۔