اسلام آباد (سردار شیراز خان) ترجمان امریکی سفارتخانہ نے کہا ہے کہ امریکی ویزا کے حامل پاکستانی شہریوں کے لیے انٹرویو کی شرط سے چُھوٹ کی اہلیت میں توسیع کردی گئی ہے۔
سفارتخانے کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے بی ون بی ٹو سیاحتی اور کاروباری ویزوں کی تجدید کے لیے پاکستانیوں کی اہلیت میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔ ہر عمر کے لوگ جن کے پاس امریکہ کا بی ون بی ٹو ویزا موجود ہے وہ پروگرام سے فایدہ اٹھا سکتے ہیں ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جن کے ویزے کی مدت گزشتہ 45 مہینوں کے دوران ختم ہو گئی ہے تو وہ بھی اس پروگرام میں شرکت کے لیے اہل ہیں ۔ماضی میں صرف 45 برس یا اس سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہری اس پروگرام سے مستفید ہونے کے اہل تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسٹوڈنٹ ویزا اور پٹیشن کی بنیاد پر کام کا ویزا کےایسے درخواست گزارجن کے پاس پہلے امریکی ویزا موجود تھا وہ بھی ویزا انٹرویوسے استثنا کے اہل ہونگے ۔ ویزا انٹرویو سے استثنا میں توسیع کی مذکورہ انتظامی تبدیلی کا مقصد صارفین کے لیے خدمات کی فراہمی میں بہتری ہے ۔