دوسری اننگز کی طرح دوسری زندگی ملنے پر رب کا شکرگزار ہوں: عابد علی

07:23 PM, 12 Jan, 2022

لاہور: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی ٹیسٹ میں دوسری اننگز کی طرح دوسری زندگی کا موقع ملنے پر رب کے شکرگزار ہیں جن کا کہنا ہے کہ دل کی دو شریانیں بند ہونے کے باوجود چلنے پھرنے اور کرکٹ کھیلنے پر ڈاکٹرز بھی حیران تھے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ٹیسٹ اوپنر عابد علی سرجری کے باعث صحت یابی کی جانب گامزن ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) لاہور کے میڈیکل پینل کی زیرنگرانی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں اپنے مکمل ری ہیب پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد علی کا کہنا تھا کہ جس طرح ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری اننگز ہوتی ہے، بالکل ایسے ہی اللہ تعالیٰ نے مجھے بھی دوسری زندگی دی ہے، جس پر میں رب کا جتنا شکر ادا کروں، کم ہے۔
میچ کے دوران پیش آنے والے اس واقع کا ذکر کرتے ہوئے عابد علی نے بتایا کہ بیٹنگ کے دوران سینے میں بوجھ اور گھبراہٹ محسوس کی تو کریز پر دوسرے اینڈ پر موجود اپنے ساتھی اظہر علی کے مشورے اور امپائر کی اجازت سے گراؤنڈ چھوڑ کر باہر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ 
انہوں نے بتایا کہ گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے مجھے باؤنڈری کے پاس قے آئی اور شدید چکر آنے لگے تھے جس کے بعد سینٹرل پنجاب کے فزیو ڈاکٹر اسد نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔ میں اسے عام بیماری سمجھ رہا تھا مگر ڈاکٹرز میری حالت دیکھ کر حیران رہ گئے اور استفسار کرنے لگے کہ آپ چل پھر کیسے رہے ہیں کیونکہ ای سی جی میں دل کی دوشریانیں بند آئی ہیں۔ 
ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ایک عام آدمی کا دل کم از کم 55 فیصد کام کرتا ہے جبکہ میرا دل 30 فیصد کام کر رہا تھا، میری مداحوں سے اپیل ہے کہ وہ باقاعدگی سے اپنا چیک اپ کروائیں تاکہ کسی بھی بیماری کی بروقت تشخیص ہو سکے اور کسی بڑے مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

مزیدخبریں