راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کانگو کے آرمی چیف کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی صورتحال ،دفاع، تربیت اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا اقوام متحدہ کے تحت امن کے قیام کے لئے پاک فوج اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے، انہوں نے کہا علاقائی امن میں کانگو کے کردار کو سراہتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی، انہوں نے کانگو میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن میں برسرپیکار پاکستانی افواج کے کردار کو سراہا،اس کے علاوہ دونوں افواج کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا گیا۔