لاہور: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر کرس موریس نے تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کیرئیر کے دوران ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے باؤلنگ آل راؤنڈر کرس موریس نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 34 سالہ آل راؤنڈر نے 2012ءمیں ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد 4 ٹیسٹ، 42 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 23 ٹی 20 میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے 94 وکٹیں حاصل کیں اور 773 رنز بنائے۔
انہوں نے آخری مرتبہ 2019ءمیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے انٹرنیشنل کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کروڑوں کے معاہدے بھی کئے۔
راجستھان رائلز نے 2021 ءمیں کھیلی گئی آئی پی ایل کے دوران کرس موریس کو 2.20 ملین ڈالر (162.5) ملین بھارتی روپوں) کے عوض حاصل کیا تھا اور یوں وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے تھے۔