ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل طلب

ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل طلب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل وزیراعظم ہاﺅس میں طلب کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے اور اس دوران ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دی جائے گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کی سالانہ رپورٹ، گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد اور مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق اٹارنی جنرل کی سفارشات اور کے4منصوبے کیلئے 12سو کیوسک اضافی پانی مختص کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ ایل این جی کی درآمد کے حوالے سے غور و فکر بھی کیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت سی سی آئی کے گزشتہ اجلاس میں فورم نے قابل تجدید توانائی پالیسی 2019ءکی منظوری دی تھی اور اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا۔ 
کونسل آف کامن انٹرسٹ (سی سی آئی) کے اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ اجلاس میں وفاقی وزراء، اٹارنی جنرل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جس میں 8 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا تھا۔