سعودی عرب نے عمرہ ویزے کا حصول مزید آسان بنا دیا

02:28 PM, 12 Jan, 2022

ریاض: سعودی عرب نے معتمرین کیلئے ویزہ کے حصول کو مزید آسان کرتے ہوئے ڈیجیٹل سہولت فراہم کر دی ہے اور اس کے طریقہ کار کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے عمرہ کا ویزہ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ”ای عمرہ گیٹ“ متعارف کرایا تھا جس کے ذریعے معتمرین محض چند ضروری معلومات فراہم کر کے فوری طور پر عمرہ ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ نے ای عمرہ گیٹ پر اندراج کے طریقہ کار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سہولت سے ایسے ممالک کے شہری فائدہ اٹھا سکتے ہیں جہاں سے سعودی عرب کے سفر پر پابندی عائد نہیں ہے، ایسے ممالک کے معتمرین مندرجہ زیل طریقہ کار پر عمل کرکے عمرہ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔
عمرہ ویزہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد ’ای عمرہ گیٹ‘ وزٹ کریں اور وزارت حج و عمرہ کے لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی کا انتخاب کر کے اپنی سہولت اور آسانی کے مطابق مناسب پیکیج منتخب کریں جس میں رہائش اور بنیادی سہولیات بھی شامل ہیں اور پھر منتخب کردہ پیکیج کی رقم ادا کریں۔ 
’ای عمرہ گیٹ‘ پر اندراج کے بعد اپنے منتخب کردہ ٹریولنگ ایجنسی کے دفتر جائیں اور اپنا پاسپورٹ پیش کرکے عمرہ فارم پر کریں اور اپنے وطن سے روانگی اور ادائیگی عمرے کے بعد واپسی کی تاریخ کی تصدیق کر دیں۔ 
علاوہ ازیں آمدورفت کے ٹکٹ، میڈیکل انشورنس سکیم اور سعودی عرب کی منظور کردہ کورونا ویکسین کی مصدقہ سند پیش کریں تو ویزہ جاری کردیا جائے گا اس کے ساتھ ہی ایپ کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کی تاریخ اور وقت پیشگی حاصل کرلیں تاکہ بعد میں کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

مزیدخبریں