لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہی ثابت ہونے کے بعد بدنام کرنے والوں کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ کو مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دئیے جانے کے بعد اسلام آباد کے تھانہ شالیمار نے یاسر شاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج کر دیا ہے جس کے بعد انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے نام خراب کرنے کی کوش کرنے والوں کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا۔
یاسر شاہ نے اپنے پیغام میں لکھا ’انصاف غالب آ گیا۔ الحمد اللہ! ۔۔۔ مداحوں ، پی سی بی اور فیملی کی سپورٹ اور دعاو¿ں کی بدولت مجھ پر بنایا گیا زیادتی کا مقدمہ خارج ہوگیا ہے، یہ ان سب کے بھروسے کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ میں پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کرتا ہوں اور جو مجھے بدنام کرے گا وہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بنے گا۔ میں بکھر گیا تھا مگر ذاتی انتقام کیلئے خود کو سنبھالا اور سچائی سامنے لانے کیلئے عدالت جانے کا فیصلہ کیا۔ صرف ملک سے نفرت کرنے والے ہی اپنے مفاد کی خاطر اتنا گر سکتے ہیں۔ جن لوگوں نے میرا نام خراب کرنے کی کوشش کی ہے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گا۔‘
واضح رہے کہ قومی کرکٹر یاسر شاہ مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دیدئیے گئے ہیں اور متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ یاسر شاہ کا نام غلط بیانی کے باعث ایف آئی آر میں شامل ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کا مبینہ زیادتی کیس سے کوئی تعلق نہیں،مدعیہ نے بھی یاسر شاہ کانام کیس سے نکالنے کا کہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 14 سالہ لڑکی کے ماموں کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس میں کرکٹر یاسر شاہ کے دوست کی جانب سے جنسی زیادتی اور کرکٹر پر لڑکی کو دھمکانے کا الزام لگایا گیا تھا۔