وفاق نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر پنجاب سے ماہرانہ رائے طلب کر لی

01:09 PM, 12 Jan, 2022

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر پنجاب حکومت سے ماہرانہ رائے طلب کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جمع ہونے والی رپورٹس پر متعلقہ ماہرین سے رائے لی جائے۔ 
خط میں کہا گیا ہے کہ ماہرین سے ملنے والی رائے کی روشنی میں نواز شریف کی واپسی سے متعلق آئندہ لائحہ عمل اپنایا جائے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ماہرین نے نوازشریف کی صحت بہتر قرار دی تو پھر ان کے معالج سے رابطہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شہباز شریف کی شخصی ضمانت پر نواز شریف باہر گئے، سابق وزیراعظم کا باہر جانا مکمل فراڈ تھا، انہوں نے گزشتہ 17 ماہ سے علاج نہیں کروایا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی صحت کی رپورٹس مسترد کر دیں اور نواز شریف فراڈ کے ذریعے ملک سے باہر نکلے، انہیں باہر بھیجنے کے فراڈ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں جن کی ہائیکورٹ طلبی کیلئے درخواست دی جائے گی۔ 

مزیدخبریں