اسلام آباد: وزارت قانون نے جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور نئے چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی سمری ایوان صدر کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی منظوری دیں گے۔جس کے بعد وزارت قانون جسٹس بندیال کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس گلزار احمد یکم فروری کو 65 سال کی عمر میں ریٹائر ہو جائیں گے اور جسٹس بندیال ان کی جگہ لیں گے اور 2 فروری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔جسٹس عمرعطا بندیال 2فروری 2022سے ایک سال سات ماہ 15دن کے لیے اس عہدے پرفائزرہیں گے ۔
واضح رہے کہ جسٹس گلزار احمد سمیت عدلیہ کے سات سینئر ججز رواں سال ریٹائر ہو جائیں گے۔ ان میں سپریم کورٹ کے پانچ ججز اور لاہور ہائی کورٹ کے دو ججز شامل ہیں۔سپریم کورٹ کے جج 65 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد ریٹائر ہوتے ہیں جبکہ ہائی کورٹ کے جج 62 سال کی عمر میں عہدہ سے ریٹائر ہوتے ہیں۔رواں سال ریٹائر ہونے والے ججز میں جسٹس گلزار جو کہ یکم فروری کو ریٹائر ہو جائیں گے جن کے بعد سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی محمد امین احمد 5 مارچ کو ریٹائر ہونگے ، 4 اپریل کوجسٹس مقبول باقر ، جسٹس مظہر عالم خان مندوخیل 13 جولائی اور جسٹس سجاد علی شاہ 13 اگست کو ریٹائر ہوں گے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم 30 جون 2022 کو ریٹائر ہونگے جبکہ جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر 2 دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔